قوموں پر نظر کرو اور دیکھو اور مُتعجب ہو کیونکہ میں تُمہارے ایام میں ایک ایسا کام کرنے کو ہوں کہ اگر کوئی تم سے اس کا بیان کرے تو تم ہرگز باور نہ کرو گے۔
کیونکہ دیکھو میں کسدیوں کو چڑھا لاوں گا۔ وہ تر شرو اور تند مزاج قوم ہیں جووُسعت زمین سے ہو کر گُزرتے ہیں تاکہ ان بستیوں پر جو ان کی نہیں ہیں قبضہ کر لیں۔
ان کے گھوڑے چیتوں سے بھی تیز رفتار اور شام کو نکلنے والے بھیڑیوں سے زیادہ خونخوار ہیں اور ان کے سوار کودتے پھاندتے آتے ہیں۔ ہاں وہ دُور سے چلے آتے ہیں۔وہ عقاب کی مانند ہیں جو اپنے شکار پر جھپٹتا ہے۔
اے خُداوند میرے خُدا! اے میرے قدوس کیا تو ازل سے نہیں ہے؟ ہم نہیں مریں گے۔ اے خُداوند تو نےان کو عدالت کے لے ٹھہرایا ہے اور اے چٹان تونے ان کو تادیب کے لے مُقرر کیا ہے۔
تیری آنکھیں ایسی پاک ہیں کہ تو بدی کو دیکھ نہیں سکتا اور کجر فتاری پر نگاہ نہیں کر سکتا۔ پھر تو دغابازوں پر کیوں نظر کرتا ہے اور جب شریر اپنے سے زیادہ صادق کو نگل جاتا ہے تب تو کیوں خاموش رہتا ہے۔